اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور اصلاحات کے عمل میں تسلسل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر فعال طور پر عمل کر رہی ہے اور معاشی نمو کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ مکمل ہوچکا ہے اور کلائمیٹ فنانسنگ ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مینوفیکچرنگ اور آئی ٹی کے شعبے میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے ادائیگی کا توازن اور کرنٹ اکاؤنٹ اہم ہیں، جبکہ ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی بہتری کے تسلسل کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔