Wed, September 16, 2026

سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی حالت نازک، آئی سی یو میں علاج جاری،بی این پی کی تشویش میں اضافہ

سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی حالت نازک، آئی سی یو میں علاج جاری،بی این پی کی تشویش میں اضافہ

ڈھاکہ :بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بی این پی کی سرپرست بیگم خالدہ ضیاء کی صحت مسلسل تشویش ناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث انہیں ڈھاکا کے ایور کیئر اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء کی بگڑتی طبی صورتحال پر شدید فکرمندی ہے اور عوام سے دعاؤں کی اپیل کی گئی ہے۔

ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے صحافیوں کو بتایا کہ خالدہ ضیاء کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کی علامات کے ساتھ ہسپتال لایا گیا، جہاں گزشتہ تین روز سے ان کی حالت ایک ہی سطح پر برقرار ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق مریضہ علاج کا ردِعمل ضرور دے رہی ہیں، تاہم مجموعی صحت اب بھی نازک ہے۔

بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر نے بھی سابق وزیراعظم کی صورتحال کو "انتہائی حساس" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی حالت سنبھلی تو انہیں بیرونِ ملک منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس پہلے سے تیار ہے۔

ڈیلی اسٹار کے مطابق خالدہ ضیاء دل کی بیماری، جگر و گردوں کے امراض، ذیابیطس، گٹھیا، پھیپھڑوں کے انفیکشن اور بینائی کے مسائل سمیت متعدد پیچیدہ امراض میں مبتلا ہیں۔ لندن میں مقیم ان کے صاحبزادے طارق رحمان نے بھی عوام سے اپنی والدہ کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی درخواست کی ہے۔

خالدہ ضیاء تین مرتبہ بنگلادیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں اور 2018 میں بدعنوانی کے مقدمات کے باعث قید کاٹ چکی ہیں۔ انہیں گزشتہ سال شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد رہائی ملی تھی۔ خرابیٔ صحت کے باوجود وہ 2026 کے فروری میں متوقع انتخابات میں بی این پی کی مہم کی قیادت کا ارادہ رکھتی ہیں۔

ٹیگز: