Wed, September 16, 2026

جنوبی ایشیا میں بھارت کا اثرورسوخ کمزور، چین نے اپنی طاقت واضح کر دی: سی ایف آر کی رپورٹ

جنوبی ایشیا میں بھارت کا اثرورسوخ کمزور، چین نے اپنی طاقت واضح کر دی: سی ایف آر کی رپورٹ

اسلام آباد: امریکی تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز (CFR) نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں بھارت کا اثرورسوخ مسلسل کمزور ہوتا جا رہا ہے جبکہ چین نے خطے میں اپنی مضبوط سفارتی اور معاشی موجودگی قائم کر لی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں عسکری طور پر شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف محاذ جنگ پر پیچھے ہٹنا پڑا بلکہ اب سفارتی میدان میں بھی بھارت کو متعدد ناکامیوں کا سامنا ہے۔ خطے کے دیگر ممالک چین کی اسمارٹ ڈپلومیسی اور سرمایہ کاری کی جانب بڑھ رہے ہیں، جس سے بھارت کی قیادت کو چیلنجز درپیش ہیں۔

سی ایف آر رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ جیسے بھارت کے روایتی اتحادی اب چین کے ساتھ تعلقات مضبوط کر رہے ہیں۔ مالدیپ میں نئی حکومت نے بھارت کو کنارے کر کے چین کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دی ہے، جبکہ نیپال نے بھی بھارت کی نسبت چین کی حمایت کو بڑھاوا دیا ہے۔

سری لنکا کے نئے صدر نے چین کو اپنے اقتصادی ماڈل کے طور پر اپنانے کا اعلان کیا ہے اور بنگلہ دیش میں بھارت مخالف جذبات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں پاکستان اور چین کو ابھرتی ہوئی خطے کی طاقتیں قرار دیا گیا ہے، جنہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت خطے کا توازن بدل دیا ہے۔

سی ایف آر نے واضح کیا ہے کہ چین کی حکمت عملی، معاشی سرمایہ کاری اور علاقائی اتحادوں کی وجہ سے بھارت کی سفارتی پوزیشن متاثر ہوئی ہے اور جنوبی ایشیا میں بھارت کا غلبہ ماضی کا قصہ بنتا جا رہا ہے۔

ٹیگز: