اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک توسیعی مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندے بھی شریک تھے۔
اجلاس میں تیل و گیس کی دستیابی پر بڑھتے ہوئے دباؤ، توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صدر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور طبقات کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔
صدر نے عوامی سطح پر آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس میں ایندھن کے محتاط استعمال، پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ اور مشترکہ سفری سہولیات کے استعمال کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، جن میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کی قیادت سے بات چیت شامل ہے، اور ساتھ ہی اپنے آئندہ دورۂ چین کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔
اجلاس میں شرکاء کو یقین دلایا گیا کہ عالمی بحران کے باوجود ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی اور آئندہ ضروریات کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے اپنے اخراجات میں کمی کرتے ہوئے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی ہے اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو نمایاں حد تک محدود کر دیا ہے تاکہ بچت کی گئی رقم عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جا سکے۔