لاہور : لاہور کے علاقے کاہنہ، نو فیروزپور روڈ پر واقع ایک اکیڈمی کی چھت اچانک گرنے سے 14 سے زائد بچے جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کا کام شروع کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اکیڈمی کی چھت ٹی آر گارڈرز پر قائم تھی، جو اچانک منہدم ہو گئی۔ امدادی کارروائیاں آخری اطلاعات تک جاری تھیں اور ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری رکھا گیا۔
زخمی ہونے والے 19 بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ سے دس سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے مالک سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔