لاہور: پنجاب میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 6 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ سمیت متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ، نارووال اور دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر جاوید نے بتایا کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے شہریوں کی حفاظت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل رکھیں۔