اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور و خوض کے لیے کل ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لیے حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی، جب کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کی معطلی کا جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لینے کا امکان بھی زیر غور ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر کریں گے، جس میں تمام اراکین اور قانونی ماہرین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ کا بحال شدہ فیصلہ بھی تفصیلی جائزے میں شامل ہوگا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 27 جون کو مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے پہلے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا، جس کے بعد تحریک انصاف مخصوص نشستوں سے محروم ہو گئی تھی۔