Wed, September 16, 2026

 اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولتوں میں بڑی پیش رفت

 اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولتوں میں بڑی پیش رفت

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی، سفارتخانوں کے نظام میں بہتری اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزارتِ خارجہ سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے وزیرِ اعظم کو بیرونِ ملک پاکستانیوں کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کیلئے کیو آر کوڈ نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کیلئے بھی ڈیجیٹل نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اپنی شکایات آسانی سے درج کرا سکیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کیو آر کوڈ نظام کو تمام پاکستانی سفارتخانوں میں نمایاں کیا جائے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو اس سہولت سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے وزارتِ خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ شروع کر دی گئی ہے، جبکہ آسان خدمت مرکز میں بھی تصدیقی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس سے رابطے کے باعث تصدیقی عمل میں بہتری آئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ اپوسٹائل نظام کے تحت دستاویزات کی تصدیق کو ون اسٹپ سروس بنا دیا گیا ہے، جبکہ مکمل ڈیجیٹل نظام کیلئے موبائل ایپلیکیشن کی تیاری جاری ہے۔ اس کے ذریعے پیدائش، وفات، نکاح اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت مختلف دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو سکے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ٹیگز: