لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب گورننس، ترقی اور عوامی سہولیات کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہا ہے اور صوبے کی کامیابیوں کو ملک بھر میں مثال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
چوہنگ پولیس ٹریننگ سینٹر میں خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں ثابت کی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پنجاب کی آئندہ آئی جی پولیس ایک خاتون ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر خواتین وزیراعلیٰ اور چیف جسٹس جیسے اہم عہدوں پر فائز ہو سکتی ہیں تو پولیس کے اعلیٰ ترین منصب پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا سکتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو جرائم سے محفوظ صوبہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور پولیس فورس کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے، "روز میری بھی ٹریننگ ہو رہی ہے، روز نیا سیکھتی ہوں۔"
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور کامیاب افسران کو مبارکباد دی۔