Wed, September 16, 2026

کیرتی کلہاری کے کریڈٹ کارڈ سے لاکھوں روپے کی فراڈ ٹرانزیکشنز، پولیس متحرک

کیرتی کلہاری کے کریڈٹ کارڈ سے لاکھوں روپے کی فراڈ ٹرانزیکشنز، پولیس متحرک

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کیرتی کلہاری آن لائن مالی دھوکا دہی کا نشانہ بن گئی ہیں، جہاں نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر ان کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات استعمال کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی غیر مجاز ادائیگیاں کر دیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 جولائی کی رات اداکارہ کو بینک کی جانب سے ایک مشکوک ٹرانزیکشن کا الرٹ موصول ہوا، جس میں غیر ملکی کرنسی میں ادائیگی کی اطلاع دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق کریڈٹ کارڈ سے ایرو میکسیکو ایئر لائنز کے نام پر 2,525 امریکی ڈالر کی ادائیگی کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر چار مشتبہ ٹرانزیکشنز کے ذریعے 2 لاکھ 43 ہزار روپے سے زائد رقم استعمال کی گئی۔

بینک نے معاملے کی اطلاع ملتے ہی حفاظتی اقدام کے طور پر کریڈٹ کارڈ کو بلاک کر دیا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

واقعے کے بعد ممبئی کے امبولی پولیس سٹیشن میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ سائبر کرائم ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ کارڈ کی تفصیلات کسی ڈیجیٹل ذریعے سے حاصل کی گئی ہیں، کیونکہ اداکارہ نے اپنی بینکنگ معلومات یا پن کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا تھا۔

پولیس حکام ٹرانزیکشن ریکارڈ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ فراڈ میں ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے۔

ٹیگز: