Wed, September 16, 2026

لٹن داس بنگلا دیش کی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر

لٹن داس بنگلا دیش کی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر

ڈھاکہ: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے قومی ایک روزہ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ مہدی حسن مرزا سے ون ڈے ٹیم کی کپتانی واپس لے لی گئی ہے۔

بی سی بی کے فیصلے کے مطابق لٹن داس اب بنگلا دیش کی وائٹ بال کرکٹ یعنی ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹس میں قیادت کریں گے۔ دوسری جانب نجم الحسن شانتو ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے بعد بی سی بی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے الگ الگ کپتان مقرر کرنا ٹیم کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

بی سی بی نے توحید ہردوئے کو وائٹ بال ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں نائب کپتانی کا عہدہ بدستور مہدی حسن مرزا کے پاس رہے گا۔

قومی ٹیم کی قیادت میں یہ تبدیلی زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد کی گئی۔ مہدی حسن مرزا نے بطور کپتان 20 ایک روزہ میچز میں بنگلا دیش کی نمائندگی کی، جن میں ٹیم کو 10 فتوحات حاصل ہوئیں۔ ان کے دور میں بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز، پاکستان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کامیابیاں بھی حاصل کیں۔

لٹن داس اس سے قبل بھی بنگلا دیش کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ ان کی کپتانی میں 2022 میں بھارت کے خلاف تین میچز کی سیریز میں بنگلا دیش نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی اور قیادت کے معاملات کا ہر چھ ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کپتان کی تبدیلی کے فیصلے زیادہ بہتر انداز میں کیے جا سکیں۔

ٹیگز: