Wed, September 16, 2026

مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ، مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال

مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ، مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال

اسلام آباد : ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کئی شہروں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارشوں نے نشیبی علاقوں کو زیر آب کر دیا ہے، جس کے بعد واسا نے ہائی الرٹ جاری کر دیا اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔

راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں سید پور میں 90 ملی میٹر، شمس آباد میں 80 ملی میٹر، کٹاریاں میں 78 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 52 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس شدید بارش کی وجہ سے کئی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مردان، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ہری پور کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور کئی گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ کالا باغ میں بھی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

پہاڑی علاقوں میں برساتی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان ہے، اور ایبٹ آباد کے علاقے درویش آباد میں بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ہو گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید سنگین صورتحال پیدا کر سکتا ہے اور ان علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: