اسلام آباد : وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام تر خدشات کے باوجود حکومت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں کامیاب ہو گئی ہے اور آج پاکستان ایک مستحکم معیشت کے طور پر ابھرا ہے۔ اسلام آباد میں کاروباری برادری اور ایکسپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے درج ذیل اہم نکات پیش کیے۔ انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اب سنگل ڈیجٹ (Single Digit) پر آچکی ہے، جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں حالیہ تاریخی تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے، جو ملکی استحکام کی گواہی دے رہی ہے۔
وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "حکومتیں بزنس نہیں کرتیں، بزنس پرائیویٹ سیکٹر نے کرنا ہے،" اور حکومت کا کام صرف کاروباری ماحول کو آسان بنانا ہے۔
شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے انہوں نے اور فیلڈ مارشل نے ہنگامی بنیادوں پر غیر ملکی دورے کیے۔ ان کی ان کوششوں کے نتیجے میں چین، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر نے مشکل ترین گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم کے مطابق، ان برادر ممالک کے تعاون کی بدولت آج دنیا پاکستان کو رشک کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عام آدمی نے معاشی اصلاحات کے عمل میں بہت مشکلات برداشت کی ہیں، لیکن اب ان کا صبر رنگ لا رہا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔