Wed, September 16, 2026

ہاکی نیشنز کپ 2026: پاکستان نے بیلاروس انڈر 21 کو شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی

ہاکی نیشنز کپ 2026: پاکستان نے بیلاروس انڈر 21 کو شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی

کازان : کازان میں جاری ہاکی نیشنز کپ 2026 میں پاکستان وائٹ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے بیلاروس انڈر 21 کے خلاف 1-4 سے کامیابی حاصل کرلی۔ یہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی پہلی فتح ہے۔

کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں ہونے والے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ پاکستان کی جانب سے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کو کامیابی دلانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

پاکستان وائٹ نے ایونٹ کا آغاز بیلاروس کی سینئر ٹیم کے خلاف میچ سے کیا تھا، جو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-4 گول سے برابری پر ختم ہوا۔ اس میچ میں پاکستان کی طرف سے ابوزر، عثمان اشرف، سعد اور یاسر خان نے گول سکور کیے تھے۔

قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں اولمپین کامران اشرف کے پاس ہیں۔ پاکستان وائٹ کو ٹورنامنٹ میں مزید تین میچز کھیلنے ہیں، جن میں 30 اگست کو بیلاروس، 31 اگست کو سمرقند سٹی جبکہ یکم ستمبر کو روس کی قومی ٹیم کے خلاف مقابلہ شامل ہے۔

بیلاروس انڈر 21 کے خلاف واضح کامیابی نے پاکستانی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کردیا ہے اور اب قومی کھلاڑیوں کی توجہ آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے پر ہے۔

ٹیگز: