Wed, September 16, 2026

بھارت سے 70 ہزار کیوسک پانی کا خدشہ، سیلابی خطرات برقرار:پی ڈی ایم اے کا انتباہ

 بھارت سے 70 ہزار کیوسک پانی کا خدشہ، سیلابی خطرات برقرار:پی ڈی ایم اے کا انتباہ

لاہور : ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں بھارت سے 70 ہزار کیوسک سے زائد پانی کے داخلے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ پانی سے متعلق معلومات کے تبادلے کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جو خطرات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گنڈا سنگھ والا، ہیڈ سلیمانکی، تریموں اور ہیڈ محمد والا جیسے مقامات پر پانی کا دباؤ تشویشناک سطح پر ہے۔

اب تک پنجاب کے سینکڑوں دیہات متاثر ہو چکے ہیں۔ صرف دریائے چناب سے 1179 مواضعات اور دریائے ستلج سے 391 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں 800 کشتیاں اور 13 ہزار اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جب کہ 650 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں۔

عرفان کاٹھیا نے کہا کہ انتظامیہ تمام فیصلے عوامی مفاد میں کر رہی ہے، بعض مقامات پر بند توڑنے کا فیصلہ شہری آبادی کو بچانے کے لیے کیا گیا۔ اب تک 30 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جن میں زیادہ تر حادثاتی نوعیت کی ہیں۔

ٹیگز: