Wed, September 16, 2026

پاک بحریہ کی طاقت میں بے پناہ اضافہ؛ پہلی 'ہنگور کلاس' آبدوز کی چین میں کمیشننگ مکمل

پاک بحریہ کی طاقت میں بے پناہ اضافہ؛ پہلی 'ہنگور کلاس' آبدوز کی چین میں کمیشننگ مکمل

ووہان: پاکستان کے بحری دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ چین میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پاک بحریہ کی پہلی جدید ترین "ہنگور کلاس" آبدوز کو بیڑے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت اور نیول چیف نے پاکستان کے دفاعی عزم کا اعادہ کیا صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات اور اقتصادی راہداریوں (CPEC) کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور یہ آبدوز اس دفاع کو مزید مضبوط بنائے گی۔
 نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے واضح کیا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں بحیرہ عرب میں اہم تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے اور دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔
 یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے دفاعی تعاون اور سمندری حدود کے تحفظ کے مشترکہ وژن کا عکاس ہے۔یہ آبدوزیں اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور جدید ترین جنگی آلات سے لیس ہیں، جو سمندر کی گہرائیوں میں طویل عرصے تک رہنے اور دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، ان آبدوزوں کی شمولیت سے خطے میں بحری طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں مزید بہتر ہو جائے گا۔

ٹیگز: