اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت کوئی فوجی کارروائی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے 24 سے 36 گھنٹے اس حوالے سے بہت اہم ہیں، اور اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کو الزام دینے اور خطے میں "مدعی، منصف اور جلاد" بننے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی پیدا کریں گے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی آزاد اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاکہ سچ سامنے آ سکے، اور اگر بھارت اس واقعے کو بنیاد بنا کر حملہ کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دنیا کو بھی پیغام دیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے، کیونکہ جنگ یا تصادم کی صورت میں نقصان صرف دونوں ممالک کا نہیں بلکہ پورے خطے کا ہو سکتا ہے۔