دبئی / لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل کی میچ فیس اُن معصوم شہریوں اور بچوں کے نام کر دی ہے جو 7 مئی کو بھارت کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔ یہ فیصلہ ان شہداء سے عقیدت اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا گیا ہے۔
ایشیا کپ کا فائنل گزشتہ روز دبئی میں کھیلا گیا جہاں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔ شکست کے باوجود پاکستان ٹیم نے دلوں کو جیتنے والا قدم اٹھایا۔
میچ کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پوری ٹیم اپنی میچ فیس اُن خاندانوں کو عطیہ کرے گی جنہوں نے بھارتی حملے میں اپنے پیارے کھو دیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا "ہماری تمام دعائیں اُن شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، ٹیم ایشیا کپ فائنل کی فیس اُن کے نام کرتی ہے۔"
واضح رہے کہ 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملہ کیا گیا تھا جس میں کئی شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ جواب میں پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیا، ان کے جنگی طیارے مار گرائے اور اہم ایئر بیسز کو نشانہ بنایا۔ صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد امریکا کی مداخلت سے جنگ بندی ممکن ہو سکی۔
پاکستانی ٹیم کے اس فیصلے کو عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا ہے اور اسے ایک باوقار، قومی جذبے سے بھرپور قدم قرار دیا ہے۔