Wed, September 16, 2026

پاکستان بحری دنیا میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے ، صدر آصف علی زرداری کا پیغام

پاکستان بحری دنیا میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے ، صدر آصف علی زرداری کا پیغام

اسلام آباد :  صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم بحری تجارت کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان اب عالمی بحری برادری میں ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتماد ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحری شعبہ ہمارے قومی تجارت اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔ حکومت بندرگاہوں کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور جدید کاری کو اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے۔

صدر نے بتایا کہ کراچی اور پورٹ قاسم کی بہتری کے کام جاری ہیں تاکہ انہیں علاقائی تجارتی مرکز بنایا جا سکے۔ بحری پالیسیوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ پاکستانی شپنگ کمپنیاں عالمی معیار پر مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی شپنگ کو سہولیات دینے سے غیر ملکی انحصار کم ہوگا، فریٹ کی حفاظت بہتر ہوگی اور ملکی زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی۔ پورٹ کمیونٹی سسٹم کے نفاذ سے بندرگاہی کاموں میں آسانی آئے گی۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ بندرگاہوں کی ڈیجیٹائزیشن سے سپلائی چین بہتر ہوگی اور عالمی معیار کی اصلاحات قومی اور علاقائی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحری شعبے میں یکجہتی اور محنت سے پائیدار ترقی کی راہ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک جدید اور مضبوط بحری ملک بنایا جائے گا جس سے تجارتی حجم بڑھے گا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ بندرگاہوں کی ترقی سے پاکستان خطے میں تجارتی گیٹ وے کا کردار ادا کرے گا۔

صدر نے آخر میں کہا کہ پاکستان عالمی تجارتی سپلائی چین کا اہم حصہ بننے کے لیے تیار ہے اور بحری شعبے کے تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گا، کیونکہ بحری ترقی ہی قومی ترقی کی ضمانت ہے۔

ٹیگز: