Wed, September 16, 2026

جنوبی افریقہ کا جوابی وار: بھارت کی ناقابلِ شکست رہنے کی روایت ختم، 76 رنز سے دھول چٹا دی

 جنوبی افریقہ کا جوابی وار: بھارت کی ناقابلِ شکست رہنے کی روایت ختم، 76 رنز سے دھول چٹا دی

احمد آباد : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن بھارت کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کی مسلسل 12 فتوحات کے ریکارڈ کو بریک لگا دیا اور 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی سورماؤں کو صرف 111 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 187 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا ۔ڈیوڈ ملر (63 رنز)، ڈیوالڈ بریسویس (45 رنز)، اور اسٹبس (44 رنز) نمایاں بلے باز رہے۔جسپریت بمرانے 3 اور ارشدیپ سنگھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ جنوبی افریقی بلے بازوں کو بڑا اسکور کرنے سے نہ روک سکے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ اوپنرز سے لے کر مڈل آرڈر تک، کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقی پیسر مارکو ینسن کا سامنا نہ کر سکا۔ شیوم دوبے (42)، ہاردک پانڈیا (18) اور سوریا کمار یادو (18) رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔مارکو ینسن نے 4، کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ شکست بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی ہے کیونکہ یہ 2024 ورلڈکپ سے اب تک بھارت کی پہلی شکست ہے۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہدف کے تعاقب میں یہ بھارت کی دوسری بڑی شکست ہے (پہلی 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 80 رنز سے تھی)۔

ٹیگز: