کیلیفورنیا: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے پاکستانی ڈیجیٹل تخلیق کاروں کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت پر نئی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی کری ایٹر کمیونٹیز میں شامل ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی یوٹیوبرز، فنکار اور ڈیجیٹل کانٹینٹ تخلیق کرنے والے افراد اپنے منفرد انداز، معیاری ویڈیوز اور تخلیقی صلاحیتوں کے باعث عالمی سطح پر تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ پاکستانی کری ایٹرز مختلف موضوعات پر ایسا مواد پیش کر رہے ہیں، جسے دنیا بھر کے ناظرین بھرپور دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی پاکستانی ویڈیوز کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی تخلیق کار عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں اپنی نمایاں شناخت قائم کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ایسے چینلز موجود ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اسی طرح 19 ہزار سے زائد چینلز ایک لاکھ سبسکرائبرز کا ہدف عبور کر چکے ہیں، جبکہ 12 سو سے زیادہ چینلز کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران پاکستانی صارفین نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر دو کروڑ گھنٹوں سے زائد دورانیے پر مشتمل ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جو ملک میں ڈیجیٹل کانٹینٹ کی تیز رفتار ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی کری ایٹرز کی کامیابی کا سب سے اہم پہلو ان کی عالمی رسائی ہے، جہاں ان کے ویڈیوز کے مجموعی واچ ٹائم کا تقریباً 60 فیصد حصہ پاکستان سے باہر موجود ناظرین کی جانب سے ریکارڈ کیا گیا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا، خلیجی ممالک، یورپ اور شمالی امریکا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں پاکستانی کانٹینٹ تخلیق کار اپنے معیاری اور منفرد مواد کے ذریعے لاکھوں ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں، جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور کری ایٹر اکانومی کو بھی مزید فروغ مل رہا ہے۔