اسلام آباد: پاکستان اور کویت نے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی روابط میں اضافے اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا، جبکہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بات چیت کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، روزگار، زراعت، آئی ٹی، صحت، معدنی وسائل، دفاع اور اقتصادی تعاون سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر توجہ دی گئی۔
دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مشترکہ مفادات سے متعلق عالمی اور علاقائی معاملات پر بین الاقوامی فورمز پر قریبی رابطہ کاری اور تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔
کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اپنے اور وفد کے پرتپاک استقبال پر حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، جبکہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان کی جانب سے کویت کے لیے کیے گئے تعاون کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور کویت کے درمیان قائم تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو ہر شعبے میں وسعت دینا چاہتا ہے۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال، فلسطین کے مسئلے سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔