Wed, September 16, 2026

دبئی امیگریشن کا ویزا مسائل سے دوچار افراد کے لیے ریلیف کا اعلان

دبئی امیگریشن کا ویزا مسائل سے دوچار افراد کے لیے ریلیف کا اعلان

دبئی: دبئی امیگریشن نے ویزا سے متعلق مشکلات میں مبتلا افراد کے لیے مدد کا اعلان کرتے ہوئے انہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے ادارے سے فوری رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

دبئی امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ویزا معاملات کے باعث پریشان افراد دبئی امیگریشن کے الویر سینٹر کا رخ کریں اور اپنی مشکلات سے حکام کو آگاہ کریں۔

انہوں نے بدھ کو دیگر سینئر حکام کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ متاثرہ افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا کہ اگر کسی شخص کے پاس رہنے کے لیے جگہ موجود نہیں تو اسے رہائش کی سہولت دی جائے گی، جبکہ کھانے پینے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مفت کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت مند افراد کے طبی معائنے کا انتظام بھی بلا معاوضہ کیا جائے گا، جبکہ دانتوں کے علاج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

دبئی امیگریشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جو افراد وطن واپس جانا چاہتے ہیں، ان کے لیے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد کی جائے گی۔ اسی مقصد کے لیے دبئی میں پھنسے ہوئے سیاحوں اور روزگار کی تلاش میں آنے والے افراد کی رہنمائی کے لیے ایک نیا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی آنے والے سیاح اور ملازمت کے خواہشمند افراد یہاں آنے والے مہمان ہیں، ان کی مشکلات کا حل نکالنا اور انہیں سہولت فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ٹیگز: