اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الہند سے وابستہ 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بارودی آلات برآمد کرکے ناکارہ بنا دیے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔