لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مون سون کا موجودہ اور پانچواں سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور دیگر کئی اضلاع میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نارووال میں سب سے زیادہ 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں 27 ملی میٹر، قصور 15، مری 14، سیالکوٹ 7، جہلم 5 اور گجرات و منگلا میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ضلعی ایمرجنسی سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی معلومات سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی ہنگامی صورتحال میں فوری متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔