نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیحییٰ سے ملاقات کی، جو اقوام متحدہ میں دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، غذائی تحفظ اور دفاع جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے یہ بھی طے کیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسے عالمی اداروں میں مل کر کام جاری رکھیں گے۔ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق ہوا تاکہ باہمی روابط اور گہرے ہوں۔
اس موقع پر غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں نے فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ نیویارک میں ہونے والی یہ کانفرنس دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔