برسبین: ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر دھول چٹانے کے بعد، شاہینوں کا اگلا ہدف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا۔
گزشتہ روز برسبین میں سیریز کی ٹرافی کی پروقار رونمائی کی گئی۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان اور آسٹریلوی کپتان نے ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔ ون ڈے سیریز میں تاریخی فتح کے بعد کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور وہ مختصر فارمیٹ میں بھی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ طویل عرصے بعد آسٹریلیا کی سرزمین پر وائٹ بال کرکٹ کے دونوں فارمیٹس میں سیریز اپنے نام کرے۔ دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کے لیے اپنی فائنل الیون کو حتمی شکل دے دی ہے، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیے جانے کا امکان ہے۔