Wed, September 16, 2026

کراچی : سکیورٹی اداروں نے خودکش حملے کے لیے تیار کم عمربلوچستان کی لڑکی کو بچا لیا

 کراچی : سکیورٹی اداروں نے خودکش حملے کے لیے تیار کم عمربلوچستان کی لڑکی کو بچا لیا

کراچی: سکیورٹی اداروں نے کراچی میں ایک بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی کم عمر طالبہ کو بچا لیا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان اور کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اس واقعے کی تفصیلات فراہم کیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک بچی سے رابطہ کیا تھا اور اس کی ذہن سازی کی تھی۔ دہشت گردوں نے اسے مختلف کہانیاں سنائیں اور بچی کو ریاست مخالف بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بچی اور اس کے خاندان کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے، اور حکومت ان کی مدد کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے بتایا کہ کالعدم بی ایل اے کے اہلکار نے انسٹاگرام کے ذریعے بچی سے رابطہ کیا اور اسے واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا۔ بچی کو شروع میں نفرت انگیز مواد دیا گیا اور پھر اس کی ذہن سازی کر کے اسے خودکش بمبار بنانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بچا لیا۔

آزاد خان نے کہا کہ کم عمری کی وجہ سے بچی کو ملزم نہیں سمجھا گیا، اور نہ ہی اس کے خلاف کوئی کرمنل پروسیسنگ کی جائے گی۔ بچی کو کراچی سے باہر اسنیپ چیکنگ کے دوران پکڑا گیا، اور اس کے خاندان کو بلا کر مکمل تفصیلات فراہم کی گئیں۔ حکومت نے بچی اور اس کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیگز: