Wed, September 16, 2026

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا

اسلام آباد: اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس جی۔11 میں ہونے والے خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) کے 4 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ کامیاب کارروائی انٹیلی جنس بیورو ڈویژن اور سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) کی مشترکہ ٹیم نے کی۔

گرفتار دہشتگرد ساجد اللہ عرف "شینا" نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ خودکش بمبار کا ہینڈلر تھا۔ اس نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کے کمانڈر سعید الرحمن عرف "داداللہ" نے اسے ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے کا حکم دیا تھا، تاکہ پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زیادہ نقصان پہنچایا جا سکے۔

ساجد اللہ کے مطابق، داداللہ نے خودکش بمبار عثمان عرف "قاری" کی تصاویر بھیج کر اسے پاکستان لانے کا حکم دیا۔ عثمان کا تعلق افغانستان کے ننگرہار صوبے کے علاقے اچین سے تھا، اور جب وہ پاکستان پہنچا، تو ساجد اللہ نے اسے اسلام آباد کے قریب ایک جگہ پر ٹھہرایا۔

تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ساجد اللہ نے داداللہ کی ہدایت پر پشاور کے اکھن بابا قبرستان سے خودکش جیکٹ حاصل کی اور اسے اسلام آباد پہنچایا۔ دھماکے کے دن، ساجد اللہ نے عثمان کو خودکش جیکٹ پہنائی اور حملہ کیا۔

ساجد اللہ نے مزید بتایا کہ ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجود قیادت اس نیٹ ورک کی ہر کارروائی کی رہنمائی کر رہی تھی۔ اس واقعے میں ملوث تمام دہشتگرد گرفتار ہو چکے ہیں، اور مزید تحقیقات جاری ہیں، جس سے مزید گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں۔

ٹیگز: