Wed, September 16, 2026

دریائے چناب میں شدید سیلاب، بھارت نے سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے، کئی علاقے خطرے میں

دریائے چناب میں شدید سیلاب، بھارت نے سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے، کئی علاقے خطرے میں

لاہور : بھارت نے ایک بار پھر آبی جارحیت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے ہیں، جس کی وجہ سے دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ اس صورتحال سے پنجاب کے کئی علاقوں میں تباہ کن سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 5 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ہیڈ خانکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی مقدار 2 لاکھ 42 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

چنیوٹ اور چناب نگر کے علاقے سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔ چنیوٹ میں 4 لاکھ 57 ہزار کیوسک کا ریلا گزر چکا ہے اور حکام نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں 10 لاکھ کیوسک تک کا ریلا گزر سکتا ہے، جو بڑے پیمانے پر تباہی لا سکتا ہے۔ چناب نگر میں بھی پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے اور ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ادھر احمد پور شرقیہ میں پانی کا دباؤ اتنا بڑھ گیا کہ بیلی والا پتن کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹ گیا۔ اس کے نتیجے میں متعدد بستیاں ڈوب گئیں اور سینکڑوں ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

اسی طرح پاکپتن میں دریائے ستلج نے تباہی مچائی ہے۔ بند ٹوٹنے کے باعث کئی دیہات کا منچن آباد شہر سے زمینی رابطہ ختم ہو گیا ہے، لوگ پریشانی کے عالم میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔

حکام کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہری فوری طور پر نچلے علاقوں سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

ٹیگز: