Wed, September 16, 2026

شاہدرہ اور بلوکی میں دریائے راوی کی طغیانی، کئی علاقے زیرِ آب، شہریوں کی نقل مکانی جاری

شاہدرہ اور بلوکی میں دریائے راوی کی طغیانی، کئی علاقے زیرِ آب، شہریوں کی نقل مکانی جاری

لاہور: دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آ چکا ہے۔ پانی کی تیز رفتاری اور بڑھتے بہاؤ نے شاہدرہ کی کئی آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

فرخ آباد، عزیز کالونی اور آس پاس کے علاقے سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ انتظامیہ نے ان علاقوں کے مکینوں کو نکالنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے لوگوں کو امدادی کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فرخ آباد کے دو اسکولوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو کھانے اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب ملتان روڈ پر چوہنگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بھی پانی میں ڈوب گئی ہے۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شاہدرہ سائفن کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے زائد اضافہ ہوا ہے، اور مجموعی بہاؤ 2 لاکھ 15 ہزار 550 کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جو انتہائی خطرناک سطح تصور کی جاتی ہے۔

کئی لوگ ابھی بھی بند کے قریب مال مویشیوں کے ساتھ موجود ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

ٹیگز: