راولپنڈی : پاکستان کی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی کواڈ کاپٹر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے اسے مار گرایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں پیش آیا، جہاں دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کی کوشش کی۔ تاہم، پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
اس واقعے کو پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی تیاری کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج ہر وقت دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے، اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کو ہر محاذ پر بھرپور جواب دے گی۔