ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ تین دن کی جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے جو 8 سے 10 مئی تک جاری رہے گی۔ اس اعلان کا مقصد دوسری جنگ عظیم میں روس کی فتح کے 80 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی اور امن کا ماحول فراہم کرنا ہے۔
کریملن کے مطابق، امید کی جا رہی ہے کہ یوکرین بھی اس جنگ بندی کا احترام کرے گا۔ روس میں 10 مئی کو "یومِ فتح" منایا جائے گا جس میں چینی صدر شی جن پنگ سمیت کئی عالمی رہنما شریک ہوں گے۔
دوسری جانب یوکرین نے اس اعلان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر روس واقعی امن چاہتا ہے تو فوری طور پر جنگ روک دے، صرف تین دن کے لیے نہیں۔ یوکرینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کو 8 مئی کا انتظار کیے بغیر ہی فائر بندی کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے روس نے ایسٹر کے موقع پر بھی عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، لیکن اس دوران دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی توڑنے کے الزامات لگائے تھے۔