ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر یوکرین کے ساتھ وقتی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ روسی حکومت کے مطابق یہ جنگ بندی 19 اپریل شام 6 بجے سے شروع ہو کر 21 اپریل رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔
کریملن نے بیان میں کہا ہے کہ روس کو امید ہے کہ یوکرین بھی اس جنگ بندی کی پاسداری کرے گا، لیکن اگر کسی قسم کی خلاف ورزی کی گئی تو روسی فوج بھرپور ردِعمل دے گی۔
صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ عارضی جنگ بندی یوکرین کے رویے کو جانچنے کا موقع ہے۔ اگر یوکرین سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا ہے تو یہ امن کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس ہمیشہ سے بات چیت اور امن کا خواہاں رہا ہے۔ پیوٹن نے امریکہ، چین اور دیگر ملکوں کی امن کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ روس یوکرین تنازع کے منصفانہ حل کے لیے عالمی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔