لاہور :معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے متعدد افسران کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے انسدادِ بدعنوانی سرکل لاہور میں درج مقدمے کے مطابق، افسران پر رشوت لینے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی مالی لین دین کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ گرفتار افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض سمیت چار اہلکار شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں الزام ہے کہ شعیب ریاض نے ڈکی بھائی سے 90 لاکھ روپے رشوت وصول کی، جب کہ ان کے Binance اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 26 ہزار ڈالر بھی منتقل کیے گئے۔ رقم مختلف افسران میں تقسیم کی گئی، جن میں اسلام آباد ہیڈکوارٹر کے اہلکار بھی شامل تھے۔
شکایت میں کہا گیا کہ لاہور سائبر کرائم ونگ کے افسران ایک منظم گروہ کے طور پر مختلف کال سینٹرز اور آن لائن کاروباروں پر کارروائی کے نام پر بھاری رقوم لیتے تھے، جب کہ رشوت کی رقم کا ایک حصہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عثمان کو باقاعدگی سے پہنچایا جاتا تھا۔
ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔یاد رہے، ڈکی بھائی کو 16 اگست کو آن لائن جُوئے اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا