ترقی اور خوشحالی کے لیے سب سے اہم چیز امن کا قیام ہے۔ امن تب ہی ممکن ہوتا ہے جب امن قائم کرنے والے اپنے فرائض کو ذمہ داری سے ادا کرتے ہیں۔ پنجاب باقی صوبوں کی نسبت ہر شعبے میں ترقی اس لیے کر رہا ہے کیونکہ یہاں امن ہے اس امن کو قائم کرنے کے لیے سکیورٹی اداروں اور خصوصاً پولیس کی قربانیاں لازوال اور بے مثال ہیں۔ پنجاب پولیس کو اگر پاکستان کی سب سے پروفیشنل اور بہادر پولیس کہا جائے تو یہ ہرگز غلط نہیں ہوگا کیونکہ پنجاب پولیس کا ڈنڈا بہت تگڑا ہے یہ اپنی رٹ قائم کرنے اور اپنی طاقت منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کو سیاست سے پاک کر کے ایک پروفیشنل فورس بنا دیا ہے۔ جب پولیس کے آئی جی ہر چھ ماہ بعد تبدیل ہوں گے تو پولیس ایک منظم فورس نہیں بن سکتی۔ بد قسمتی سے سابقہ دور حکومت میں پولیس کو پروفیشنل فورس بنانے کی بجائے سیاسی ادارہ بنایا گیا اور مسلسل اس کے سربراہ کو تبدیل کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے پولیس کا اپنی رٹ قائم کرنے کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ۔لیکن موجودہ آئی جی پنجاب عثمان انور نے اپنے دور میں جس طریقے سے پولیس کو ایک منظم فورس بنایا ہے اس کی ماضی میں دور تک کوئی مثال نہیں ملتی ۔ان کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل سپورٹ بھی حاصل ہے ۔پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے تاکہ یہ دہشت گردوں اور جرام پیشہ افراد کو نکیل ڈال سکیں۔ اس میں پنجاب پولیس بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ جب سے مریم نواز نے اقتدار سنبھالا ہے پنجاب میں دہشت گردی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ اس کا کریڈٹ جہاں سکیورٹی فورسز ،ایجنسیوں کو جاتا ہے ساتھ ہی پنجاب پولیس کا بھی مرکزی رول ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے سے جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کے لیے چند ماہ قبل سی سی ڈی فورس کا قیام عمل میں لائے۔ مریم نواز نے سی سی ڈی کو مکمل فری ہینڈ دیا اور ان کے کام میں کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کیا ۔جس کے نتیجے میں سی سی ڈی نے پنجاب سے جرائم پیشہ اور بدمعاشوں سے پاک کرنا شروع کر دیا۔ آج پنجاب میں چھ ماہ پہلے کی نسبت جرائم میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کا کریڈٹ آئی جی پنجاب عثمان انور اور سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کو جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے کی ایک باقاعدہ مہم شروع کی ہے۔ جس کے تحت محکمہ داخلہ نے 28 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس بھی منسوخ کر دئیے ہیں۔ جعلی ڈیلرز کی دکانیں بھی سیل کر دی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ ڈیلر کی تصدیق کا عمل تیزی سے مکمل کر دیا ہے، پنجاب میں موجود 511اسلحہ ڈیلرز نے اپنے لائسنس کی تفصیل کے لیے درخواستیں بھی دائر کر دی ہیں۔ جس کی سکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کے بعد صرف 393 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس کی تصدیق ہو سکی ہے ۔اسلحے کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ آئی جی پنجاب عثمان انور نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کو 15 دن کی ڈیڈ لائن دی ہے اگر وہ رضا کا رانہ طور پر اپنا غیر قانونی اسلحہ پولیس کے حوالے کر دیتے ہیں تو ان کو معافی ملے گی لیکن جو لوگ پھر بھی اسلحہ جمع نہیں کراتے تو ان کے خلاف بھرپور ایکشن ہوگا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ سکیورٹی کمپنی کے اسلحہ لائسنس کی بھی تصدیق کی جا رہی ہے۔ ایک اور سب سے اہم کام جو کیا گیا ہے وہ نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔ اس کے ساتھ پنجاب حکومت نے ایک اور نئی ترمیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب سرنڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025 ء متعارف کرایا جا رہا ہے۔اس ایکٹ کو تین مراحل میں نافذ عمل کیا جائے گا ۔اس کے ساتھ پنجاب میں وفاقی اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت وفاقی حکومت سے رابطے میں ہے ۔جرم اور جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کی یہ پالیسیاں ثابت کر رہی ہیں کہ حکومت صوبے کو جرائم پیشہ سے پاک کرنے کا عزم کر چکی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔ پنجاب ایک پرامن اور خوبصورت صوبہ ہے جہاں دنیا بھر سے سالانہ لاکھوں لوگ آتے ہیں۔ جب پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو محفوظ اور پرامن ماحول میسر ہوگا تو یہاں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری بھی کریں گے اور سیر و سیاحت سے بھی مستفید ہوں گے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم مکمل طور پر متحرک ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری پنجاب حکومت کی ترجمانی احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہیں۔ عظمیٰ بخاری حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے روزانہ کی بنیاد پر عوام کو آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی بھی بھرپورمحنت سے ان کے شانہ بشانہ چل رہے ہیں اور وزارت اطلاعات کو احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔ نئے ڈی جی پی آر فرید احمد نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے وہ عوام تک درست معلومات پہنچانے اور حکومتی فلاحی منصوبوں سے متعلق عوامی آگاہی کے عزم کے ساتھ کوشاں ہیں۔ پنجاب کو واقع ہی ایک پُرامن اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز محنت اور لگن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں ۔اسی لیے پنجاب کارکردگی میں باقی صوبوں سے لیڈ کر رہا ہے۔