Wed, September 16, 2026

 ضمنی انتخابات پر اطمینان مگر بے ضابطگیوں اور کم ٹرن آؤٹ پر تشویش؛فافن کی رپورٹ

 ضمنی انتخابات پر اطمینان مگر بے ضابطگیوں اور کم ٹرن آؤٹ پر تشویش؛فافن کی رپورٹ

اسلام آباد :فیئر اینڈ فری الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی انتظامات مجموعی طور پر بہتر رہے، تاہم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور نتائج کے عمل میں شفافیت کی کمی کے مسائل بدستور موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ تر حلقوں میں یہ شرح 50 فیصد سے نیچے رہی۔ فافن نے انتخابی عمل کے جائزے کے لیے 122 مبصرین تعینات کیے جنہوں نے ملک بھر میں 373 پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق متعدد سیاسی جماعتوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز کے قریب کیمپس قائم کیے جبکہ 49 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی رہنمائی یا سہولت کاری میں سیاسی کارکنوں کی مداخلت دیکھی گئی۔ فافن نے 16 پولنگ اسٹیشنز کے اندر انتخابی مواد کی موجودگی اور معذور، خواتین اور بزرگ ووٹرز کے لیے غیر مساوی انتظامات کی بھی نشاندہی کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 29 فیصد پولنگ بوتھس پر عملے نے بیلٹ پیپرز پہلے سے سائن کیے، جبکہ 28 فیصد بوتھس پر بیلٹ پیپر پر قبل از وقت اسٹیمپ لگانے کے واقعات سامنے آئے۔ مزید یہ کہ 6 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا گیا، اور 43 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر نتیجہ فارم ایجنٹس کے دستخط کے بغیر مکمل کیے گئے۔ اسی طرح 13 پولنگ اسٹیشنز پر مبصرین کو بھی فارم 45 نہیں دیا گیا۔

فافن نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ انتخابی قوانین میں ضروری اصلاحات لائی جائیں تاکہ مستقبل میں انتخابی عمل مزید شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کر چکا ہے

ٹیگز: