لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم اور پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا ہماری سلامتی، خودمختاری اور امن کی مضبوط ضمانت ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں ہونے والے ایٹمی دھماکے صرف ایک عسکری کامیابی نہیں، بلکہ پوری قوم کے اتحاد، حوصلے اور قیادت پر اعتماد کی علامت ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج 27 سال بعد بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے، اور ہمیشہ بلند رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت صرف ہماری نہیں، بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے بھی فخر کا باعث ہے، کیونکہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 مئی کی فتح کا بیج 28 مئی کو بویا گیا، اور اس دن نے تاریخ کا رخ موڑ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ چاغی میں بلند ہونے والے "نعرۂ تکبیر" کی گونج آج بھی وطن عزیز کی فضاؤں میں محسوس کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو اس کامیابی کا اصل معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم آج بھی ان کی قیادت کی قدردان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ جب بھی پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اس وقت مسلم لیگ (ن) اقتدار میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے ساتھ ساتھ ایک پرامن اور محفوظ ریاست کی ضمانت بھی بنے۔