Wed, September 16, 2026

پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ تکبیر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہاہے

پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ تکبیر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہاہے

اسلام آباد : پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ تکبیر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔

بھارت کی جانب سے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے چھ دھماکے کیے، جنہوں نے خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا اور پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا دیا۔ اس دن کو "یومِ تکبیر" کا نام دیا گیا، جب چاغی کے پہاڑوں میں "اللہ اکبر" کی گونج نے قوم کے دلوں میں نئی روح پھونک دی۔

یومِ تکبیر کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ سرکاری و نجی سطح پر خصوصی تقریبات، تقاریر، اور دعائیہ اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر ایٹمی پروگرام سے وابستہ سائنسدانوں، انجینئرز، اور افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

ملکی قیادت نے اپنے پیغامات میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہم ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ٹیگز: