کراچی: پاکستان بھر میں آج یومِ بحریہ جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن وطنِ عزیز کے سمندری محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مخصوص ہے، جنہوں نے 1965 کی جنگ میں دشمن کو اس کی ہی سرزمین پر حیران و پریشان کر دیا۔
8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے وہ کارنامہ سرانجام دیا جو ہماری عسکری تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب بن چکا ہے۔ دشمن کے مضبوط دفاعی شہر دوارکا پر شاندار بحری حملہ کر کے پاک بحریہ نے بھارتی ریڈار اسٹیشن کو مکمل تباہ کر دیا، جس سے نہ صرف بھارتی فضائیہ کی کمر ٹوٹی بلکہ دشمن کو ایک واضح پیغام بھی دیا گیا کہ پاکستان سمندری حدود کا دفاع کرنا خوب جانتا ہے۔
اس جرات مندانہ کارروائی میں پاک بحریہ کے سات جنگی جہاز دشمن کی حدود میں بغیر کسی ریڈیو رابطے کے داخل ہوئے اور صرف چند منٹ میں اپنا ہدف حاصل کر کے بحفاظت واپس لوٹے۔ یہ حملہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، منصوبہ بندی اور دلیری کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
یومِ بحریہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔قوم اپنے ان جانبازوں کو سلام پیش کرتی ہے جو سمندر کی گہرائیوں میں بھی مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔