Wed, September 16, 2026

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کوپی ایس ایل 11میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

 ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کوپی ایس ایل 11میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چوتھے مقابلے میں ملتان سلطانز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے۔ مارک چیپمین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سمیر منہاس نے 28 اور ڈیون کانوے اور فہیم اشرف نے 26، 26 رنز بنائے۔

سلطانز کی جانب سے مومن قمر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر بولرز میں محمد نواز، پیٹر سیڈل اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں ملتان سلطانز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کر لی۔ جوش فلپے نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان ایشٹن ٹرنر 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اسیٹو اسمتھ نے 31 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ میچ کے اختتامی لمحات میں عرفات منہاس نے 23 رنز کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سلمان ارشاد اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد راولپنڈی پنڈیز کو شکست دی تھی۔

ٹیگز: