Wed, September 16, 2026

دوستوں کے مواد کو زیادہ نمایاں بنانے کے لیے فیس بک کا 'فرینڈز ٹیب' لانچ

دوستوں کے مواد کو زیادہ نمایاں بنانے کے لیے فیس بک کا 'فرینڈز ٹیب' لانچ

کیلیفورنیا: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کے لیے نیا فیچر 'فرینڈز ٹیب' متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد دوستوں کے مواد کو زیادہ نمایاں طور پر دکھانا ہے۔

میٹا کے مطابق، یہ فیچر 27 مارچ سے فیس بک پر دستیاب کر دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر اس تک رسائی صرف امریکا اور کینیڈا کے صارفین کو دی گئی ہے۔ دیگر ممالک کے صارفین کو بھی بتدریج اس فیچر تک رسائی فراہم کی جائے گی۔

'فرینڈز ٹیب' کے ذریعے صارفین اپنی پروفائل پر خصوصی طور پر دوستوں کی پوسٹس، ویڈیوز اور دیگر مواد دیکھ سکیں گے۔ یہ نیا فیچر پرانے 'فرینڈز ریکویسٹ' ٹیب کی جگہ لے چکا ہے۔ اب صارفین کو پروفائل پر 'فرینڈز ریکویسٹ' کے بجائے صرف 'فرینڈز' کا آپشن نظر آئے گا۔

جب صارفین 'فرینڈز' پر کلک کریں گے تو ایک نیا ٹیب کھل جائے گا، جہاں صرف دوستوں کا شیئر کردہ مواد نظر آئے گا۔ اسی ٹیب میں 'فرینڈز ریکویسٹس' بھی موجود ہوں گی اور دیگر دوستوں کی پوسٹس بھی دیکھی جا سکیں گی۔

یہ فیچر سیٹنگ میں جا کر پن بھی کیا جا سکتا ہے، جس سے 'فرینڈز' ٹیب پروفائل پر سب سے اوپر نظر آئے گا۔

فی الحال پاکستانی صارفین کو اس فیچر تک رسائی نہیں دی گئی ہے، تاہم میٹا کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ٹیگز: