Wed, September 16, 2026

وزیرا عظم کا اتحاد و اتفاق سے پاکستان کے معاشی ، معاشرتی چیلنجز پر قابو پانے کےعزم کا اعادہ

وزیرا عظم کا اتحاد و اتفاق سے پاکستان کے معاشی ، معاشرتی چیلنجز پر قابو پانے کےعزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم کی سربراہی میں سیاسی و عسکری قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں جعفر ایکسپریس حملے کے ملزمان کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حملہ آوروں کے خلاف شواہد کو سامنے لانے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔


حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کی جانب سے جاری منفی مہم کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔


اجلاس کے دوران قومی بیانیہ کمیٹی کو ہدایات دی گئیں کہ دہشت گردی اور شرپسندی کے خلاف مضبوط اور مؤثر بیانیہ تشکیل دیا جائے۔ ساتھ ہی ملکی سلامتی اور قومی بیانیے کے خلاف کسی بھی قسم کے مواد کا سختی سے تدارک کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں تمام صوبوں کے درمیان روابط کو بہتر بنانے اور ملکی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیگز: