Wed, September 16, 2026

پاکستان میں معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کے اقدامات، شرح سود میں کمی کا امکان

پاکستان میں معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کے اقدامات، شرح سود میں کمی کا امکان

اسلام آباد:  وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے اور اس سال کے دوران شرح سود میں کمی کی مزید توقع کی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے چین کے باؤ فورم میں بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ نئے بجٹ میں ٹیکس کے دائرہ کو وسیع کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے، اور اس میں خاص طور پر ریئل سٹیٹ، زراعت اور ریٹیل کے شعبوں کو شامل کیا جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملک کی برآمدات بڑھانے اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت اثرات برآمدات پر مرتب ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت مینوفیکچرنگ سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی سطح کو کنٹرول رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان اس سال چینی یوآن بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کی آمدنی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

ٹیگز: