ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سیاسی افق پر ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ریاست کے قدآور سیاسی رہنما اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پاوار بارہ متی میں ایک نجی طیارے کی کریش لینڈنگ کے دوران اپنے دو ساتھیوں اور عملے سمیت ہلاک ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق طیارے نے بارہ متی میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی تھی، لیکن وہ زمین سے ٹکراتے ہی آگ کے گولے میں تبدیل ہو گیا۔ حادثے کے وقت طیارے میں کل 5 افراد سوار تھے جن میں نائب وزیرِ اعلیٰ کے علاوہ عملے کے دو ارکان بھی شامل تھے۔ ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملبے سے کوئی بھی زندہ نہیں ملا۔
اجیت پاوار کا شمار مہاراشٹرا کے طاقتور ترین رہنماؤں میں ہوتا تھا اور ان کی موت سے ریاست کے سیاسی ڈھانچے میں ایک بڑا ارتعاش پیدا ہونے کا امکان ہے۔ بارہ متی، جو ان کا آبائی شہر تھا، آج ان کی وفات پر سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔
بھارتی سول ایوی ایشن حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ابتدائی طور پر اسے فنی خرابی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مکمل رپورٹ آنے تک کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔