Wed, September 16, 2026

برطانوی حکام نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا، اسحاق ڈار

برطانوی حکام نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا، اسحاق ڈار

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی اور مختلف اہم امور پر برطانوی حکام سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات میں امن و سلامتی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ برطانوی حکام نے امریکا، ایران ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کی تعریف کی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے بھی جامع ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اہم اثاثہ ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں ایم ٹی آنر 25 پر موجود 10 پاکستانی بحری کارکنوں کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی رہائی کے لیے عالمی اصولوں کے تحت حکمت عملی اپنائی گئی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے اور حکومت نے ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا ہے۔ پاکستان آج سفارتی طور پر پہلے سے کہیں بہتر مقام پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی نشست 182 ووٹ لے کر حاصل کی، جبکہ بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا قابلِ تشویش ہے۔

ٹیگز: