Wed, September 16, 2026

سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح، نقصانات کے ازالے کا وعدہ: عطا تارڑ

سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح، نقصانات کے ازالے کا وعدہ: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے، اور متاثرین کو پہنچنے والے نقصانات کی مکمل تفتیش کے بعد ان کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر تقریباً 11 لاکھ کیوسک کا غیرمعمولی ریلا گزرا، جس کے باوجود پاک فوج اور دیگر ادارے موقع پر موجود رہ کر امداد فراہم کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مختلف محکموں کی مؤثر حکمت عملی کی بدولت بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ این ڈی ایم اے نے سیلاب کی پیشگی نشاندہی کر دی تھی، جس سے بروقت تیاری ممکن ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ٹیمیں سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے انجام دے رہی ہیں، جبکہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر آباد اور گرد و نواح کے کئی دیہات شدید تباہی سے محفوظ رہے۔

عطا تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ریاستی ادارے ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں اور قوم اس آزمائش میں مکمل اتحاد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل پر بھی فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

ٹیگز: