واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے حالیہ جوہری میزائل تجربے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین میں جاری جنگ کو فوری طور پر ختم کریں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’پیوٹن کو مزید مسائل پیدا کرنے کے بجائے جنگ بندی اور مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ اب چوتھے سال میں داخل ہو چکی ہے اور اسے ’’ایک ہفتے کے اندر ختم ہونا چاہیے‘‘۔
ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ امریکہ کی ایک ایٹمی آبدوز روسی ساحل کے قریب موجود ہے، جو امریکی فوجی تیاریوں کا واضح اشارہ ہے۔
ادھر غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے ایک نیا بین البراعظمی جوہری صلاحیت والا میزائل کامیابی سے تجربہ کیا ہے، جس سے عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق روسی تجربہ ممکنہ طور پر یوکرین تنازع کے تناظر میں طاقت کا مظاہرہ ہے۔