Wed, September 16, 2026

معیشت مستحکم، صنعت اور ٹیکس وصولی میں اضافہ:ماہانہ معاشی رپورٹ میں اعتراف

معیشت مستحکم، صنعت اور ٹیکس وصولی میں اضافہ:ماہانہ معاشی رپورٹ میں اعتراف

اسلام آباد: وزارت خزانہ کی تازہ ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت بحالی کے راستے پر گامزن ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی سرگرمیاں مستحکم رہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ بھی مضبوط معاشی کارکردگی کا اعتراف ہے۔

جولائی تا اگست بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آٹو موبائل، سیمنٹ اور تعمیراتی شعبے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ سیمنٹ کی ملکی کھپت 15 فیصد اور برآمدات 21 فیصد بڑھی ہیں۔

زرعی شعبے کو حالیہ سیلاب سے تقریباً 430 ارب روپے کے نقصانات ہوئے، جس کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر بھی اثر پڑا۔ ستمبر میں سالانہ افراطِ زر 5.6 فیصد ریکارڈ کی گئی، اور توقع ہے کہ آئندہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہے گی۔

مالیاتی شعبے میں وفاقی آمدن جولائی تا اگست میں 231 فیصد بڑھ گئی، اور ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 12.5 فیصد اضافہ کے ساتھ 2,884 ارب روپے رہی۔ مالیاتی خسارہ ختم ہو کر 1,509 ارب روپے کے سرپلس میں تبدیل ہوا۔

تجارت میں برآمدات 7.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ درآمدات 15.4 ارب ڈالر رہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ جولائی تا ستمبر 594 ملین ڈالر خسارہ دکھا رہا تھا لیکن ستمبر میں 110 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ ہوا۔ ترسیلاتِ زر میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 9.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 34 فیصد کمی ہوئی اور یہ 569 ملین ڈالر رہی۔ زرمبادلہ کے ذخائر 19.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ مالیاتی پالیسی ریٹ 11 فیصد برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر میں 73,545 پاکستانیوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ احساس پروگرام کے تحت 322.6 ملین روپے کے 5,370 بلاسود قرضے دیے گئے اور جولائی تا اگست بی آئی ایس پی کے تحت 14.63 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔

ٹیگز: