Wed, September 16, 2026

بحرین اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں اور ہمارے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں،وزیراعظم

بحرین اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں اور ہمارے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں،وزیراعظم

بحرین : وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے بحرین کے اپنے حالیہ دورے کے دوران بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بحرین میں ان کا شاندار استقبال اور مہمان نوازی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ منامہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ بحرین آ کر ایسا لگتا ہے جیسے وہ اپنے دوسرے گھر میں ہوں، اور دونوں ممالک کے تعلقات بہت گہرے اور دیرینہ ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان اور بحرین کے تعلقات کو "دو جسم نہیں، بلکہ دو روحیں اور ایک دل" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جو باہمی احترام، ثقافت اور بھائی چارے کی بنیاد پر استوار ہیں۔

انہوں نے اپنے دورے کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے۔ وزیرِاعظم نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، اور کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جنہوں نے گزشتہ مالی سال میں 484 ملین ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجیں۔ انہوں نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کی محنت اور جذبے کو سراہا۔

وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جی سی سی (گلف کوآپریشن کونسل) کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کو بہت اہمیت دیتا ہے، کیونکہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔

آخر میں، شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بحرین مل کر کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں اور پاکستان بحرین کی ترقی سے سیکھنے اور اپنے ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ٹیگز: